راجباہ روڈ کے کنارے سے کچرے کے پہاڑ نہ اٹھائے جاسکے

 راجباہ روڈ کے کنارے سے کچرے کے پہاڑ نہ اٹھائے جاسکے

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ایف ڈبلیو ایم سی کی غفلت کے باعث راجباہ روڈ کے کنارے عرصہ دراز سے موجود کچرے کے پہاڑ نہ اٹھائے جاسکے ۔

تفصیلات کے مطابق جھال چوک سے راجباہ روڈ کی جانب مڑتے ہی سڑک کے کنارے کچرے کے پہاڑ نما ڈھیر موجود ہیں، کنکریٹ اور کچرے کے یہ ڈھیر عرصہ دراز سے ایسے ہی پڑے ہیں جس کے باعث علاقے کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے مگر ایف ڈبلیو ایم سی کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جاتی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ کچرے کے ان پہاڑ نما ڈھیروں سے صرف ایک کلومیٹر آگے ایف ڈبلیو ایم سی کا ویسٹ کولیکشن پوائنٹ بھی موجود ہے یہاں سے روزانہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی درجنوں گاڑیاں گزرتی ہیں مگر اس کے باوجود کچرے کے یہ ڈھیر نہیں اٹھائے جاتے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تمام تر توجہ صرف شہر کے وسط میں موجود سرکاری افسروں کے دفاتر اور رہائشگاہوں کی جانب ہوتی ہے شہر کے دیگر علاقوں کی کیا صورتحال ہے اس پر ایف ڈبلیو ایم سی کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جاتی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کچرے کے ان پہاڑوں کو جلد یہاں سے اٹھا کر علاقے کو صاف کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں