ٹوبہ ٹیک سنگھ :مہنگائی ،ٹیکسوں کیخلاف بھٹہ مز دوروں کا احتجاج
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)روز بروز بڑھتی مہنگائی اور ٹیکس پالیسیوں کیخلاف پاکستان بھٹہ مزدور یونین پنجاب کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
پاکستان بھٹہ مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری محمد شبیر ،ڈومیسٹک ورکرز یونین کی رہنما ساجدہ پروین اور پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے رہنما آکاش اشفاق نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں ‘‘ٹیکس امیروں پر لگاؤغریبوں پر نہیں ’’ کے موضوع پر منعقد ہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باعث معیشت بری طرح تباہ ہوگئی اور کروڑوں محنت کش بے روزگار ہوکر خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں ،کورونا بحران نے ترقی کے تمام تصورات کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ،پاکستان کی موجودہ صورتحال میں حکومت کی تمام تر معاشی ریلیف کی پالیسیاں صرف امیروں کیلئے ہیں ۔
غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے روز بروز مہنگائی میں اضافہ کیا جارہا ہے ،وسائل کی کمی کی وجہ سے 55فیصد گھرانے علاج معالجہ اور صحت کی سہولیات سے محروم ہیں ،کروڑوں بچے فیسیں نہ دے سکنے کے باعث سکول چھوڑ چکے ہیں ،امیر طبقہ چور راستہ اختیار کرکے ٹیکس ادا نہیں کرتا جبکہ غریب بجلی وگیس اور پانی کے بلز کی ادائیگی سے قاصر ہیں اور وہ بچوں کا پیٹ کہاں سے بھریں ،مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت غریبوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے امیروں سے ٹیکس وصول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔