250 بوری کھاد نہ دینے پر ڈیلر کو مقدمے کی دھمکی

250 بوری کھاد نہ دینے پر ڈیلر کو مقدمے کی دھمکی

احمدپورسیال (نمائندہ دنیا )اڑھا ئی سو بوری یوریا کھاد نہ دینے پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈیلر کو ایف آئی آر کی مبینہ دھمکی دیدی ۔

 مقامی کھاد ڈیلر اکبر میو نے الزام عائد کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ 17 جنوری کو 400 بوری یوریا کھاد کا سٹاک موصول ہوا جسے کنٹرول ریٹ 1768 روپے فی بوری فروخت کیلئے اسسٹنٹ کمشنر احمدپورسیال نیاز احمد مغل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عابد حسین شاہ سے رابطہ کیا تو زراعت افسر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے دی گئی فہرست کے مطابق 250 بوریاں ہمیں دیدیں باقی مرضی سے فروخت کردیں۔

انہوں نے اپنے موبائل کے ذریعے میری اسسٹنٹ کمشنر سے بات کرائی اس دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کال پر مجھے کہا کہ میری بات نہیں مانو گے تو ایف آئی آر درج کرا دونگا ۔اکبر میو نے کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ساتھ اس واقعہ کا نوٹس لیا گیا تو تحصیل احمدپورسیال میں کھاد کا بحران ختم ہو جائے گا۔

اس بارے اسسٹنٹ کمشنر احمدپورسیال نیاز احمد مغل نے موقف میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی غیر قانونی کام کرے گا اسکے خلاف کارروائی ہو گی اور میں ہر بات پر ہر کسی کا جوابدہ نہیں ہوں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں