میاواکی جنگلات کا منصوبہ سست روی کا شکار

میاواکی جنگلات کا منصوبہ سست روی کا شکار

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے میاواکی جنگلات کا منصوبہ روایتی سست روی کی بھینٹ چڑھنے لگا۔

پی ایچ اے کی جانب سے دیکھا جانے والا میاواکی فاریسٹ کا خواب تاحال شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ، تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے ایک سال قبل جاپانی ماہر نباتات کی تحقیق کے مطابق میاواکی فاریسٹ لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا جس کا افتتاح وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کیا تھا۔

پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی جانب سے شہر کے مختلف پچیس مقامات پر تین کروڑ روپے کی لاگت سے میاواکی جنگل لگائے جانے تھے مگر تاحال صرف پانچ مقامات پر ہی میاواکی فاریسٹ لگائے جاسکے ہیں ان میں سے بھی صرف دو فاریسٹ کی حالت بہتر ہے جبکہ باقی تین کی حالت قابل رحم ہے ، پی ایچ اے کی روایتی سستی کے باعث تاحال باقی بیس مقامات پر میاواکی فاریسٹ نہیں لگائے جاسکے ، ناقص حکمت عملی کے باعث کینال سروس روڈ پر سروس روڈ کی جگہ میاواکی فارسٹ لگادیا گیا تھا جسے ایف ڈی اے کی جانب سے اب ختم کرکے سروس روڈ بنایا جارہا ہے جبکہ سوساں روڈ پر میاواکی فاریسٹ کے نام پر گرین بیلٹ کو اکھاڑ کر گہرے گڑھے بنا کرچھوڑدیا گیا ہے ۔

گرین بیلٹ میں میاواکی کے لیے کھودے جانے والے گڑھوں میں گٹروں کا گندا پانی جمع ہوچکا ہے جس سے تعفن اٹھنے لگا ہے ، شام کے اوقات میں شہری گرین بیلٹ پر بیٹھ کر دوستوں کے ساتھ کھابے اڑایا کرتے تھے مگر اب اس جگہ بیٹھ کر کھانا تو دور یہاں سے گزرنا بھی ناممکن ہوچکا ہے ،جس پر شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے نے نیا منصوبہ لگانے کے نام پر پہلے سے موجود گرین بیلٹ کو بھی تباہ کر کے چھوڑ دیا ہے ، پی ایچ اے کی جانب سے میاواکی پراجیکٹ مکمل کرنا تو درکنار گرین بیلٹس کی بحالی کا کام بھی مکمل نہ کیا گیا۔

پی ایچ اے کی جانب سے میاواکی کے افتتاح کے موقع پر کہا گیا تھا کہ اس سسٹم کے تحت درختوں کی بڑھنے کی رفتار کئی گنا تیز ہوجاتی ہے عام طور پر درخت ایک سو سال میں بڑھتے ہیں مگر میاواکی سسٹم کے ذریعے لگائے جانے والے درخت دس سال میں گھنے جنگل میں تبدیل ہوجائیں گے ،ڈائریکٹرپارکس اینڈہارٹی کلچرعبداللہ چیمہ کا کہنا ہے کہ رواں سال میاواکی کے تمام پچیس جنگلات لگانے کا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں