شہر کی متعدد مین شاہراہیں سٹریٹ لائٹس سے محروم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت کے باعث شہر کی متعدد مین شاہراہیں سٹریٹ لائٹس سے محروم ہیں۔
رات کے اوقات میں سفر کرنیوالے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کی غفلت کی وجہ سے مین جھمرہ روڈ ، ستیانہ روڈ ،جرانوالہ روڈ سمیت متعدد شاہراہیں سٹریٹ لائٹس سے محروم ہیں جس سے رات کے اوقات میں شہریوں کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کی حالت بھی خراب ہے جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات کا رونما ہونا بھی معمول بن چکا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے میونسپل انتظامیہ کو فنڈز بھی جاری کیے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی انتظامات اور شہریوں کیلئے سہولیات نہیں فراہم کی جاتی ہیں ۔ انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ مین شاہراہوں پر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں تا کہ حادثات سے بچا جا سکے ۔