محکمہ سول ڈیفنس:ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے سہولیات کافقدان

محکمہ سول ڈیفنس:ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے سہولیات کافقدان

فیصل آباد(جنرل رپورٹر)اسی لاکھ سے زائد آبادی والے شہر میں محکمہ سول ڈیفنس کے پاس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے سہولیات کا فقدان پیدا ہوگیا۔

سول ڈیفنس کے پاس ملازمین کی قلت اور دیگر سہولیات کی کمی کی وجہ سے محکمانہ کارکردگی بھی بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں محکمہ سول ڈیفنس میں انسپکشن سٹاف کی دس سیٹیں موجود ہیں جن میں سے صرف پانچ سیٹوں پر ملازمین کام کررہے ہیں جبکہ پانچ سیٹیں ملازمین کی تعیناتی کی منتظر ہیں۔ مجموعی طور پر فیصل آباد محکمہ سول ڈیفنس میں چالیس سیٹیں موجود ہیں جن میں سے بارہ سیٹیں تاحال خالی ہیں اور اٹھائیس سیٹوں پر ملازمین کام کررہے ہیں۔

محکمہ سول ڈیفنس کو ملازمین کی تعداد اور شہر کی آبادی کے لحاظ سے مزید ایک بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی اور دو سنگل کیبن ڈالوں کی ضرورت ہے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس رانا عباس کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کو تحریری طور پر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے نئی بھرتیوں اور گاڑیوں کی فراہمی کی درخواست کرچکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں