واسا رہائشی علاقوں میں گندے نالوں کی صفائی نہ کرا سکا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)واسا کی جانب سے رہائشی علاقوں میں سے گزرنے والے گندے نالوں کی صفائی کا کام بروقت نہ کرانے سے متعدد مقامات پر نالوں میں لگے غلاظت اور گندگی کے ڈھیر اہل علاقہ اور راہگیروں میں بیماریوں بانٹنے لگے ۔
غلام آباد،غازی آباد، 224،احمد نگر، سہانہ پل، سمال سٹیٹ سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں گزرنے والے گندے نالے شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ۔ ذرائع کے مطابق کئی کئی مہینوں تک نالوں کی صفائی نہیں کی جاتی اگر کردی جائے تو نالوں سے نکلنے والی گندگی کو سڑک سے اٹھایا نہیں جاتا۔ جس سے علاقہ میں تعفن پھیلتا ہے اور لوگوں کوبیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے شہر کی صفائی اور سیوریج مسائل کا خاتما نہیں کیا جارہا۔ انکے علاقوں میں گندے نالوں کی وجہ سے پہلے ہی تعفن رہتا ہے ، صفائی کرنے کے بعد گندگی کے ڈھیر نالے کے باہر لگا دیئے جاتے ہیں جن سے جینا محال بنا ہواہے ۔ واسا حکام فوری صفائی کرائیں تاکہ وہ بیماریوں سے بچ سکیں۔