90 لا کھ آبادی والا شہر سرکاری پارکنگ پلازہ سے محروم ، جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ ، ٹریفک جام رہنا معمول

90  لا کھ  آبادی  والا  شہر  سرکاری  پارکنگ  پلازہ  سے محروم  ،  جگہ  جگہ  غیر  قانونی  پارکنگ  ، ٹریفک  جام  رہنا  معمول

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)90لاکھ آبادی والے صنعتی شہر فیصل آباد میں پارکنگ کے لیے سرکاری سطح پر ایک بھی پلازہ نہیں ، ہر مین شاہراہ اور مارکیٹ میں غیر قانونی پارکنگ کی بھرمارسے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔

جس سے شہر کی وسعت بھی ماند پڑ چکی ہے ۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مقامی اور دوسرے شہروں سے آنے والے شہریوں اور تاجروں کو پارکنگ سہولت نہیں دی گئی ، پارکنگ پلازہ کے لیے 2015ء میں بیرون چنیوٹ بازار دو کنال رقبہ مختص کیا گیا جہاں 1 ارب 57 کروڑ لاگت سے گیارہ منزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہونا تھی ، پہلی تین منزلوں پر 1761 موٹرسائیکلوں اور 1282کاروں کو پارکنگ سہولت فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن 7 برس گزر جانے کے باوجود بھی یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا اور پارکنگ پلازہ کی صرف بنیادیں ہی رکھی جاسکیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ پارکنگ پلازہ تعمیر نہ ہونے سے گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک مسائل کا سامنا ہے ۔ پارکنگ مسائل ختم کرنے کے لیے فیصل آباد پارکنگ کمپنی بنائی گئی جو روزانہ لاکھوں روپے ریونیو تو اکٹھا کرتی ہے لیکن اس ریونیو کو عوام کی سہولت کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔ ایم ڈی فیصل آباد پارکنگ کمپنی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز کاشف رضا اعوان کاکہناہے کہ پارکنگ پلازے کو موجودہ حالت میں ہی فنکشنل کردیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں