محکمہ تعلیم طلبہ کیلئے کیریئر کونسلنگ پلان نہ بناسکا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)محکمہ تعلیم پنجاب سکولز کے طلبہ طلبہ کیلئے کیریئر کونسلنگ کا پلان نہ بناسکا ۔
فیصل آباد کے دو ہزار دو سو سکولوں سمیت صوبہ بھر کے 52 ہزار سے زائد سکولوں کیلئے کیریئر کونسلنگ کی ایک بھی سیٹ نہیں جبکہ ماہانہ بنیادوں پر ہونے والی سی ای اوز ایجوکیشن کانفرنس میں بھی کیریئر کونسلنگ کا ایجنڈا کبھی شامل نہیں کیا گیا۔ ماہرین تعلیم نے سکولز کے طلبہ کی کونسلنگ کیلئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی طرز پر کیرئیر کونسلر بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ماہر تعلیم رائو جمیل کا کہناہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ وہ سٹیج ہے جہاں بچوں کو اپنے ٹارگٹ سیٹ کر لینے چاہئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق اگلی ڈگری کی سلیکشن کریں لیکن افسوس سکولز سطح پر بچوں کے کیریئر کے انتخاب کیلئے حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ۔ ا نکاکہناہے کہ حکومت کو چاہیے کہ ہیڈماسٹرز، ٹیچرز، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز اور اے ای اوزکی بھرتیوں کے ساتھ کلسٹرز بنا کر سکولز کیلئے کیریئر کونسلر بھرتی کرے تاکہ طلبہ کوکیریئر سلیکشن میں گائیڈ لائن مل سکے ۔