الیکشن لڑنے کیلئے تیارمگرپارٹی فیصلہ کے پابند:عبدالمنان
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)سابق رکن قومی اسمبلی اورمسلم لیگ ن ٹریڈرزونگ کے مرکزی صدرمیاں عبدالمنان نے کہاہے کہ قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن 3،4ماہ کے لئے ا لڑناہے یا نہیں اس کافیصلہ آج مسلم لیگ ن اورپی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔الیکشن لڑنے کیلئے ہم تیارہیں تاہم پارٹی فیصلہ کے پابندہیں۔این اے 109مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے ۔
ماضی میں مسلم لیگ5بار، پیپلز پارٹی 4بار جیت چکی جبکہ پی ٹی آئی توپیداہی2018میں ہوئی۔ہم الیکشن میں حصہ لیں گے تو19مارچ کوعوام ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کوشکست دیں گے ۔عمران خان جیل بھرو تحریک چلاکردیکھ لیں اُنکی آئندہ اقتدارکی خواہش پوری نہیں ہوگی نہ وہ نااہلی اورگرفتاری سے بچ سکیں گے ۔رلانے کے دعویداراپنے چندافرادکی گرفتاری پرخودروتے نظرآرہے ہیں جبکہ نوازشریف،مریم نواز، وزیراعظم شہبازشریف ،وزیرداخلہ راناثنااللہ سمیت کئی ارکان ایک سال اور6ماہ سے زیادہ عرصہ جھوٹے مقدمات میں گرفتاررہے مگرروتے نظرنہیں آئے بلکہ جرات کے ساتھ ظلم کامقابلہ کیا۔آج عمران خان مسلم لیگ ن کوا نصاف ملنے اوراپنی متوقع گرفتاری کے خوف سے پریشان ہیں۔ وزیراعظم نے سیاست کونظراندازکرکے معاشی استحکام اورقوم کودہشتگردعناصرسے بچانے کیلئے اے پی سی میں مفاہمت کی کوشش کی مگرعمرانی ٹولے نے مزاحمت کوترجیح دی ، پونے چارسالہ اقتدارمیں آئی ایم ایف سے معاہدوں کے نتیجہ میں عوام کورلانے والے اب اقتدارسے باہرہونے پررورہے ہیں۔