سپیشل اینشیٹو پولیس سٹیشنز غیر فعال، سائلین پریشان
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )کروڑوں خرچ کرکے بنائے گئے آئی جی پنجاب سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی حالت زار بہتر نہ ہوسکی ،تھانوں کے ٹکٹنگ کائونٹرز اور ٹوکن سسٹم غیر فعال ،محرران کو پیٹی کیش بھی نہ مل سکا ،سائلین کو چائے پیش کرنے کے دعوے بھی پورے نہ ہوسکے ،تھانہ کلچر تبدیل کرنے کا خواب سابق آئی جی تبدیل ہوتے ہی چکنا چور ہوگیا۔
فیصل آباد میں تھانہ کلچر تبدیل کرنے لیے خدمت مرکز سمیت پانچ تھانوں کی آئی ایس او سرٹیفکیشن کروائی گئی تھانہ غلام محمد آباد تھانہ ڈجکوٹ اور تھانہ فیکٹری ایریا کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کا درجہ دیا گیا سابق آئی جی کی ہدایت پر سابق سی پی او سہیل چودھری کی جانب سے سوشل میڈیا اور مین سٹریم میڈیا پر خوب تشہیر بھی کی گئی ۔تھانوں کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کا درجہ دینے کے لیے لاکھوں کے فنڈز سے فرنٹ ڈیسک،ویٹنگ روم،ٹوکن سسٹم سمیت تھانوں کی تزئین و آرائش کا کام کروایا گیا جس کا آن لائن افتتاح سابق وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی سے کیا دیگر کئی منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی تشہیر کے بعد غفلت کی نظر ہوگیا تھانوں میں سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز والی تمام سہولیات غیر فعال ہوچکی ہیں سابق آئی جی کی جانب سے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کے لیے جاری کردہ قواعد و ضوابط میں کہا گیا تھا کہ سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز میں محرران کے پاس پانچ لاکھ روپے پیٹی کیش کی مد میں موجود ہوں گے ان پیسوں سے حوالات میں بند ملزموں کے کھانے کا انتظام کیا جائے گا اور درخواست دینے آنے والے سائلین جنہیں تھانے آئے آدھے گھنٹے کا وقت ہوجائے گا ان کو چائے پیش کی جائے گی جیسے ہی سائل تھانے میں داخل ہوگا باوردی اہلکار رسیپشن پر اس کا استقبال کرے گا سائل سے اسکے کام بارے پوچھ کر مشین سے ٹوکن دے کر سائل کو ویٹنگ روم میں بٹھایا جائے گا کائونٹر پر ٹوکن نمبر آنے کے بعد سائل کائونٹر پر جائے گا جہاں اسکی درخواست بھی ملازمین خود لکھیں گے اور سائل کو ای ٹریک نمبر اور متعلقہ تفتیشی کا نمبر فراہم کیا جائے گا مگر اب سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز میں نہ تو ٹوکن سسٹم چل رہا ہے نہ ہی سائلین کی راہنمائی کے لیے ریسیپشن پر کوئی اہلکار موجود ہوتا ہے سائلین کو پانی پیش کرنا تو درکنار ویٹنگ روم میں بیٹھنے تک نہیں دیا جاتا۔شہریوں کاکہنا ہے کہ عوام کے دلوں سے پولیس کاخوف نکالنے کے لیے صرف عمارتیں بدلنے سے ہی کام نہیں چلے گا پولیس ملازمین کی کردار سازی کے لیے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں سابق آئی جی کے تبدیل ہوتے ہی سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کا خواب بھی ادھورا رہ گیا جسکے ساتھ ہی فیصل آباد میں تھانہ کلچر بدلنے کی آخری امید بھی دم توڑ گئی ۔ معاملے پر سٹی پولیس آفیسر خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تمام سہولیات موثر انداز میں فراہم کرنے اور سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنزکے تمام قواعد و ضوابط کی پاسداری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔