محکمہ ریلوے نے کارگو ریٹس میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

محکمہ ریلوے نے کارگو ریٹس میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)محکمہ ریلوے کی جانب سے کارگو ریٹس میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا۔ کارگو سروسز سے مستفید ہونے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا۔ محکمہ ریلوے کو سستے سفر اور سامان کی سستے داموں ترسیل کرنے والا محکمہ تصور کیا جاتا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹرینوں کے کرایے اور کارگو ریٹس بھی بڑھا دیئے گئے ۔

جس سے مسافروں اور کارگو سروسز استعمال کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کی جانب سے کارگو ریٹس میں25فیصد اضافہ کرکے 18.10 روپے فی کلو ریٹ مختص کردیا گیا جبکہ نجی کارگو سروسز کی جانب سے فی کلو 12 سے 13 روپے چارج کیے جارہے ہیں۔ کارگو سروسز سے سامان کی ترسیل کروانے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے ریلیف فراہم کرنے کی بجائے انہیں مزید پریشان کیا جارہا ہے جبکہ سرکاری محکمہ ہونے کے باوجود بھی ریلوے کے کارگو چارجز نجی کمپنیوں سے زیادہ ہیں۔ محکمہ ریلوے پہلے ہی خسارے میں ڈوبے ہونے کا راگ الاپتہ ہے لیکن کرایوں اور کارگو سروس کے ریٹس بڑھانے سے شہریوں کو سرکاری سروسز استعمال کرنے پر مسائل میں دھکیلا جا رہا ہے ۔ نجی کمپنیوں کے ریٹس ریلوے کی نسبت کم ہیں جسکے باعث آئندہ کوئی بھی ریلوے کے ذریعے اپنے پارسلز نہیں بھیجے گا۔ ریلوے افسروں کو چاہئے کہ ریٹس میں کمی کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ سرکاری سروسز استعمال کریں اور ریلوے کو بھی ریونیو موصول ہو۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں