میٹرک امتحان قریب ، سکولوں میں اساتذہ کمی پوری نہ ہوسکی

 میٹرک امتحان قریب ، سکولوں میں اساتذہ کمی پوری نہ ہوسکی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) میٹرک امتحانات قریب لیکن فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری نہ کی جاسکی جس پر سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کے والدین کی جانب سے انتہائی تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ آئندہ امتحانات میں بھی میٹرک کا رزلٹ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ گزشتہ تعلیمی سال میں فیصل آباد میٹرک بورڈ کا رزلٹ پچاس فیصد سے بھی کم رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق میٹرک بورڈ رزلٹ میں پاس ہونے والوں کی شرح کم کی ذمہ داری سکولوں میں اساتذہ کی کمی قرار دی گئی۔ ذرائع کے مطابق صرف ضلع فیصل آباد کے 2212 سکولوں میں پانچ ہزار سے زائد اساتذہ کی کمی ہے ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے گزشتہ کئی سال میں اساتذہ بھرتی کرنے کے بارہا اشتہارات دیئے گئے لیکن حکومت کی جانب سے نوکریاں محض اشتہارات تک محدود رہیں اور ایک بھی ٹیچر بھرتی نہ کیا جاسکا۔ جبکہ رواں سال کئی اساتذہ ریٹائر ہوچکے جس سے سکولوں میں اساتذہ کی مزید کمی کا سامنا ہے ۔ بچوں کے والدین کاکہناہے کہ محکمہ تعلیم حکام اپنی غفلت سے ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ نہ کریں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں