انصاف آفٹرنون سکولز بند کرنے کی تیاریاں
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)انصاف آفٹرنون سکولوں کو بند کرنے کی تیاریوں کا انکشاف۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو سیاسی منصوبہ قرار دے کر ختم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس پر انصاف آفٹرنون سکولوں کے اساتذہ اور ان سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین نے تشویش کا اظہار ہے ۔
پی ٹی آئی حکومت میں انصاف آفٹرنون سکولوں کا منصوبے کے تحت سکولوں میں سیکنڈشفٹ میں بچوں کو داخل کرکے زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو بھی سیکنڈ شفٹ میں پڑھانے پر اضافی اعزازیہ دیا جاتا تھا۔ محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق انصاف آفٹرنون سکولوں کو سیاسی منصوبہ قرار دے کر بند کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس سے فیصل آباد میں سیکنڈ شفٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں بچے زیور تعلیم سے محروم رہ جائیں گے ۔ اس کے پیش نظر انصاف آفٹرنون سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کا کہنا ہے کہ انصاف آفٹرنون سکول منصوبہ ختم کرنے سے اساتذہ اور طلبہ کا نقصان ہو سکتا ہے ۔ ہر حکومت کی جانب سے اپنی پالیسیوں کے تحت منصوبے بنائے جاتے ہیں لیکن ہر نئی حکومت کے آتے ہی ان کو ختم کردیا جاتا ہے جس کے باعث ملازمین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سیکنڈ شفٹ میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی نہ کسی مجبوری کے باعث اپنے بچوں کو آفٹرنون سکولوں میں داخل کروایا اگر انصاف آفٹرنون سکولوں کو ختم کردیاگیا تو انکے بچوں کاتعلیمی نقصان ہوگا۔ معاملے پر سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہ دیا۔