چنیوٹ : شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )یوم شہدائے پولیس کے موقع پرچنیوٹ پولیس کی جانب سے بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔
پولیس لائن چنیوٹ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ڈی پی او عبداﷲاحمد،پولیس افسران و جوانوں نے قرآن خوانی کی، افسران نے شہدائے چنیوٹ پولیس کی قبروں پر حاضری دی اورپھولوں کی چادریں چڑھائیں، ۔شہدائے پولیس کی فیملیز کوخصوصی پروٹوکول کیساتھ لایاگیا،ڈی پی او نے فیملیز کا استقبال کیا اور انہیں پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔یادگار شہداء پر سلامی کی تقریب کا انعقاد کیاگیا،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔شہداء کی فیملیز،ڈی پی او،ڈی سی،ڈسٹرکٹ پولیس نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب میں ڈی پی او عبداﷲاحمد،اسسٹنٹ کمشنر ،صدر بار،پولیس افسران و جوانوں،شہداء کی فیملیز،سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان نے شرکت کی،شہدائے پولیس کی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی سٹیج پر بٹھایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شہدائے پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔ڈی پی او نے کہا کہ 4اگست کا دن پولیس کیلئے تجدید عہد کا دن ہے ،ہم پنجاب پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کررہے ہیں اورخراج عقیدت پیش کررہے ہیں،ملک و قوم کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔آخر میں تقریب کے شرکاء کیلئے کھانے کا اہتمام کیاگیا۔شہداء کی فیملیز کو تحائف دیے گئے ۔ڈی پی او نے شہداء کی فیملیز کو الوداع کیا،پروٹوکول کیساتھ رخصت کیاگیا۔