سمندری میں تجاوزات کی بھر مار ،راہگیروں کا پیدل چلنا محال
سمندری(نمائندہ دنیا )شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار ، انتظامیہ کا پانچ فٹ دکانداروں کو ڈسپلے دینے کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا ،راہگیروں کا پیدل چلنا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سمندری کے بازاروں میں دکانداروں نے انتظامیہ کی ڈھیل سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے پانچ کی بجائے دس فٹ سے بھی زیادہ جگہ ڈسپلے کیلئے استعمال کرنا شروع کر دی اورخود ساختہ تجاوزات قائم کر لیں، انتظامیہ نے بھی چپ سادھ لی، گھنٹہ گھر کے چاروں بازاروں میں تجاوزات کی وجہ سے عوام کا پیدل چلنا محال ہو گیا بازاروں کے دونوں اطراف دوکانداروں کا فٹ پاتھوں سمیت بازار پر قبضہ ریڑھی چھابڑی اور ٹھیلے والوں کا الگ سے قبضہ شاپنگ کیلئے بازار آئے خواتین اور مردوں کے لیئے پیدل چلنے میں رکاوٹ کاسبب بن رہے ہیں۔ یاد رہے اسسٹنٹ کمشنر سمندری عمر سرور نے دکانوں کے آگے دکانداروں کے استعمال کیلئے 5 فٹ تک لائن لگوائی تھی لیکن وہ بھی کام نہ آئی، دکانداروں نے اسسٹنٹ کمشنر کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے آدھے بازار تک قبضہ کر لیا ،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ مستقل بنیاد پر کیا جائے ۔