جولائی:اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل چنیوٹ کو 50 درخواستیں موصول
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں ،اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل میں خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔
ماہ جولائی میں اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل کو مختلف 50 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ۔ گزشتہ ماہ گھریلو تشدد،لڑائی جھگڑے کی 21 درخواستیں موصول ہوئیں ، ایک ماہ میں ہراسمنٹ 12، لین دین و دیگر معاملات کی 20 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، تمام درخواستوں پر خواتین کے مسائل کو حسب ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے حل کیا گیا ۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سب انسپکٹر لاریب شاہد کا کہنا تھا کہ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل میں آگاہی مہم کے ساتھ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، خواتین کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ویمن سیفٹی ایپ،پنجاب پولیس پبلک ایپ،ایمرجنسی نمبروں سے مدد حاصل کرسکتی ہیں۔ خواتین پر گھریلو تشدد، ہراسانی، بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ،تشدد، ہراسگی کی روک تھام کیلئے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن قائم کیا گیا ہے ، خواتین کسی مسئلے کی صورت میں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر گھر بیٹھے آن لائن شکایت درج کروا سکتی ہیں ۔