یوم آزادی کے حوالے سے پولیس کا سکیورٹی پلان جاری
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی کامران عادل کی ہدایت پر یوم آزادی کیلئے اہم شہراؤں، عوامی مقامات اورزیادہ رش والی جگہوں پارکس و تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ۔۔۔
جس میں 4293سے زائد افسران واہلکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن میں 5ایس پیز،13ڈی ایس پیز،54 سب انسپکٹرز،634اے ایس آئیز،232 ہیڈکنسٹیبلان اور3355کنسٹیبلان و لیڈیز کانسٹیبلان شامل ہیں۔ سپیشل سکواڈ ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرینگے ،ایلیٹ و ڈولفن پولیس فورس کی ٹیمیں شہر بھر میں مسلسل گشت کریں گی۔سی پی او فیصل آباد نے تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس پی ڈی پی اوز،ایس ایچ او کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ یومِ آزادی کے پرمسرت موقع کے حوالہ سے ضلع میں سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائے ۔14اگست کے حوالہ سے جو تقریبات منعقد کی جائیگی ان جگہوں کی مکمل سکیننگ کروائی جائے ، پارکوں اور تفریحی مقامات اور اہم عمارات کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور موقع کی مناسبت سے تمام اندرونی بیرونی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کیا جائے اور مشکوک گاڑیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ،تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقہ میں گشت کے نظام کو موثر بنائیں ۔ اسی طرح سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد کو ہدایت کی کہ آپ بھی ٹریفک وارڈنز کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو کہ سٹی پولیس کے ساتھ مل کر اس ون ویلنگ جیسے گھناؤنے کھیل کو روک سکیں۔