جی سی یو کی سیرت چیئر کے زیرِ اہتمام سیمینار کا انعقاد
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی سیرت چیئر کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورینٹل لرننگ ڈاکٹر ہمایوں عباس، کنگ سعود یونیورسٹی سعودی عرب سے ڈاکٹر محمد زید ملک اور دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر محمد نعیم، ڈاکٹر محمد صدیق نے سیرت نبوی پر مقالے پیش کئے ۔
ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ جامعات میں پر امن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے آزاد سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا،فلاحی معاشرے عدل و انصاف اور باہمی تعاون پر قائم ہوتے ہیں، بطور پاکستانی مہذب قوم کے طور پر ہم کو اپنی شناخت واپس لاناہو گی۔ ڈاکٹر زید ملک نے دین اسلام سے پہلے اور بعد کے عدل و انصاف اور امن و امان کے اصول و ضوابط پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ہمایوں عباس نے کہا کہ وائس چانسلر جی سی یو کی قیادت میں جامعہ کو امن و امان کا گہوارہ بنائیں گے ،اسلام اپنے ماننے والوں کو امن و اَخوَّت اور محبت کی تلقین کرتا ہے کہ پُرامن فضا میں اپنی فکری اور تحقیقی قوتوں کو بروئے کار لا کر سارے عالم کے لیے نفع بخش بنانا ہو گا۔