ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ، مختلف منصوبوں کی منظوری
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر سلوت سعید کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیرمحل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ پرائمری سکول برائے متاثرہ سماعت کی تعمیر اور ضلع جھنگ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں میڈیکل اینڈ کارڈیک ایمرجنسی کی توسیع کے پراجیکٹس کی منظوری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے درکار شرائط اور قواعد وضوابط کی تکمیل،فنی وتکنیکی امورکی جانچ پڑتال کے بعد متاثرہ سماعت سکول کی تعمیر کی منظوری دی۔کمشنر نے ڈی ایچ کیو جھنگ میں میڈیکل وکارڈیک ایمرجنسی کی توسیع کے منصوبہ کی تفصیلات حاصل کیں اوردرکار ڈاکومنٹیشن کی عدم موجودگی،ان شیڈول آئٹمز،تکنیکی مسائل اور ماہر تعمیرات کو آن بورڈ نہ لینے پر سکیم پر عملدرآمد کوتمام متعلقہ شرائط مکمل ہونے تک موخر کردیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے منصوبوں میں شفافیت پر زیروٹالرنس ہے ۔ڈی ڈی ڈبلیو پی کے فورم پرمنصوبوں کی ہر لحاظ سے مکمل رپورٹ پیش ہونی چاہیے ۔