ایک سال کے دوران مچھلی کی قیمتوں میں40فیصد تک اضافہ،غریب خریدنے سے قاصر
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایک سال کے دوران مچھلی کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ترسیلی اخراجات میں اضافے اور دیگر وسائل مہنگے ہونے کے باعث سمندری خوراک عام خریدار کی پہنچ سے دور ہونے لگی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا ہے ۔
ناولٹی پل کے نیچے مچھلی منڈی میں گزشتہ سال کی نسبت قیمتیں تیس سے چالیس فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔رہو مچھلی 400 سے بڑھ کر600 ، بام 500 سے بڑھ کر 700، شنگھاری 500 روپے اضافے سے 1500، ملہی 1200، ڈمرہ 600، چڑا 550، کھگا 450، سول مچھلی 1950 اور جھینگا مچھلی کا ریٹ 3000 روپے تک پہنچ چکا ہے ۔ شہری کہتے ہیں مرغی کی طرح مچھلی کا بھی ریٹ طے کرنے کا نظام ترتیب دیا جائے ۔ منڈی میں مچھلی کے مخصوص قسم کے مختلف دام ہیں دکاندار گاہکوں سے ناجائز منافع خوری کررہے ہیں انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دکانداروں کے مطابق ترسیلی ذرائع مہنگے ہونے کے باعث ریٹ میں اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم اب بھی رہو اور کھگا مچھلی مرغی کے گوشت سے سستی ہے ۔