ڈپٹی کمشنرجھنگ کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈرنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت سمیت محکمہ بلڈنگ اورصحت کے افسران بھی ہمراہ تھے۔۔۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے وارڈز میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی و دیگر سہولیات کاجائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ری ویمپنگ کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا اورکام جلد مکمل کرنے سمیت ڈاکٹرز و سٹاف کو پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز لوگوں کی صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی و دیگر تمام سروسز پرگہری نظر ہے۔ ہسپتالوں میں اعلیٰ نظم و نسق برقرار رکھنے اور مزید بہتری کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کے عمل کی موثر اور مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔