جرائم کیخلاف عوامی تعاون انتہائی ضروری :ڈی پی او چنیوٹ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ عبداﷲاحمد نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت گزشتہ روز بھی لوگوں کے مسائل سنے اور درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او عبداﷲاحمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،جرائم کے خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ، ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جار ہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانہ جات میں مسئلہ حل نہیں ہوتا تو شہری بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں ، مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لیے عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد ہونے والے جرائم کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔