فیسکو کے ہر ملازم کے ذمہ 350 صارفین ، سروسز شدید متاثر
فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)میں ہر ملازم کے ذمہ صارفین کی تعداد 350 سے بھی تجاوز کرگئی ۔۔
تناسب بگڑنے پر صارفین بروقت اور معیاری سروسز سے محروم، معمول کی شکایات دور کرنے کا وقت بھی دنوں کے بجائے ہفتوں تک جا پہنچا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے پورا زور صرف صارفین کی تعداد بڑھانے پر لگا رکھا ہے جبکہ سروس ڈلیوری میں درپیش مسائل حل کرنے میں حکام بالا کی غیر سنجیدگی انتہا کو پہنچ چکی۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں صارفین کی تعداد 53 لاکھ کے قریب ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ملازمین و افسران کی مجموعی تعداد 16 ہزار ہے جن میں دفاتر کے اندر بیٹھے 2 ہزار سے زائد افسران بھی شامل ہیں۔ سالہا سال سے نئے سٹاف کی بھرتیاں نہ ہونے کے باعث موجودہ ملازمین کے ساتھ ہی کام چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق فیسکو کے ہر ملازم کے ذمہ صارفین کی تعداد 350 سے بھی تجاوز کرگئی جبکہ بجلی چوروں کے خلاف مہم سمیت دیگرفرائض بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ ملازمین کے مطابق کام کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں لیکن حکام بالا کو کوئی سروکار نہیں۔ صارفین کے مطابق افرادی قوت میں اضافے کے بجائے موجودہ ملازمین پر ہی کام تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب شکایات بروقت حل نہ ہونے پر شہری بھی پھٹ پڑے اور ان کا کہنا ہے کہ میٹر کی تبدیلی، لو وولٹیج سمیت دیگر مسائل کے لیے شکایت کی صورت میں عملہ کئی کئی روز تاخیر سے پہنچتا ہے ،بجلی بلوں میں ہوشربا اور آئے روز ریٹ تو بڑھائے جا رہے لیکن سروسز پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔ اس بارے فیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے پاور ڈویژن کو آگاہ کردیا، منظوری کے بعد ہی نئی بھرتیاں ممکن ہوسکیں گی۔