ایف ڈبلیو ایم سی کی نجکاری کے باوجو د مسائل اور ورکرز کی مشکلات برقرار

ایف  ڈبلیو  ایم  سی  کی  نجکاری  کے  باوجو د   مسائل  اور   ورکرز  کی  مشکلات  برقرار

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ایف ڈبلیو ایم سی کی نجکاری کے باوجود مالی مسائل اور ویسٹ ورکرز کی مشکلات کم نہ ہوئیں، ٹھیکیداری نظام کے بعد بھی دس روزہ ٹریننگ کے نام پر ورکرزکی دیہاڑیاں کاٹ لی گئیں ۔۔

وقت پر تنخواہ نہ ملنے پر مسیحی ملازمین نے احتجاج ریکارڈ کروایا ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گزشتہ کئی سالوں سے مالی مسائل کا شکار ہے کمپنی نے کئی ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نوکریوں سے نکال دیا، پروفیشنل لون اپلائی کیا اس سے بھی بات نہ بنی تو کمپنی کو ٹھیکیداری نظام پر منتقل کردیا گیا اس کے باوجود کمپنی میں کام کرنے والے ویسٹ ورکرز کی مشکلات کم نہ ہوسکیں ،ٹھیکیداری نظام کے بعد ڈیلی ویجرز ویسٹ ورکرز کو ٹریننگ کروائی گئی اور مبینہ طور پر ٹریننگ کے نام پر ویسٹ ورکرز کی دس دس دیہاڑیاں کاٹ لی گئیں اور تنخواہیں بھی وقت پر ادا نہ کی گئیں۔ کمپنی میں بیشتر ورکرز مسیحی برادری سے تعلق رکھتے ہیں اور دسمبر میں مسیحی مذہب کے مطابق کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے مگر مسیحی افراد کو گزشتہ کئی سالوں سے کرسمس کے موقع پر تنخواہیں اور اعزازئیہ نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ، اس بار بھی ٹھیکیداری نظام کے باوجود ویسٹ ورکرز کو وقت پر تنخواہیں نہ دی گئیں بلکہ ان کی دیہاڑیوں سے بھی دس دس دیہاڑیاں کاٹ لی گئیں جس پر ویسٹ ورکرز احتجاج پر مجبور ہوگئے جس پر کمپنی کے افسران نے مذاکرات کرکے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کروایا ۔کمپنی ملازمین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز معاملے پر خصوصی توجہ دے کر مستقل حل کے لیے اقدامات کرائیں تاکہ ہماری کرسمس کی خوشیاں ماند نہ پڑیں۔ ترجمان ایف ڈبلیو ایم سی مطیب ورک کا کہنا ہے کہ ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی گئیں اور کٹوتی نہیں کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں