زرعی یونیورسٹی میں میلے کا انعقاد ،سابق گو رنر نے افتتاح کیا
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زرعی میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی اور لوک ثقافت کی نمائش نے کسانوں، مقامی افراد، محققین، طلبا اور صنعت کے پیشہ ور افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
ایگری ٹورازم کلب سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام تقریب کا افتتاح سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد افتخار، فیکلٹی ممبران کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر کسانوں، طلبااور مقامی افراد بڑی تعداد موجود تھی۔ یونیورسٹی کی ڈی گراؤنڈ میں زرعی ٹیکنالوجی، ثقافت، دستکاری، دیہی کھانوں کے 100سے زائد سٹال لگائے گئے تھے ۔ علاوہ ازیں نیزہ بازی مقابلہ جات کا انعقاد بھی زرعی میلے کا حصہ تھا۔ نیزہ بازی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد ریاض ورک، کنوینر رانا عامرسعید، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر کے ہمراہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے نیزہ بازی مقابلہ جات کا افتتاح کیا۔