وزیر تعلیم پنجاب کی پالیسیاں خوش آئند ہیں:عوامی سماجی حلقے
بلوچنی( نمائندہ دنیا )عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی کارکردگی کو سراہا ۔ اور انہوں نے تعلیم کی بہتری کے لیے بنائی گئی پالیسیوں کو خوش آئند کہا۔
جس میں کم تعداد اور ناقص کارکردگی والے سکولوں کو پرائیویٹ کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ قابل محنتی اور فرض شناس سی ای اوز ، ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کی میرٹ پر تعیناتیاں ہیں۔ انہوں نے افسروں سے وزیر تعلیم کے ویژن کے مطابق سکولوں کے وزٹ کا مطالبہ بھی کیا تاکہ کارکردگی بہتر ہو سکے ۔ حقائق سامنے آئے ہیں کہ محکمہ تعلیم میں بھی بعض اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز، اے ای اوز اورافسران بالا کی شکل میں کالی بھیڑیں چھپی ہوئی ہیں۔ جنہوں نے محکمہ تعلیم کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے ۔ہیڈ ماسٹرز کی خوش آمد کرنے پر مخصوص پیریڈ دیئے جاتے ہیں اور بورڈڈیوٹیوں پر بھیجا جاتا ہے ۔ آفٹر نون سکولز میں بوگس اساتذہ اور عملے کو رکھ کرتنخواہیں ہڑپ کر رہے ہیں۔ رہی سہی کسر افسران بالا نکال رہے ہیں۔ جنہوں نے کبھی سکولوں کو چیک ہی نہیں کیا ہے ۔ جس سے ان کی تعلیمی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے ۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان کی سربراہی میں ایماندار ،فرض شناس آفیسرز کی کمیٹی بنا کر لگائے گئے الزامات کی شفاف چھان بین کروائیں ۔