سال کے پہلے ہی ہفتے ڈاکو ، چور بے لگام ، 2500 وارداتیں

فیصل آباد(عبدالباسط سے )سال کے پہلے ہی ہفتے میں ڈاکو ،چور بے لگام ہو گئے ، ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی 2500 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوچکیں۔۔۔
اس دوران مسلح ڈاکوؤں نے 10 سے زائد شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا، اس کے باوجود پولیس بڑھتی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نہ کر سکی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈکیتی، چوری، راہزنی، لوٹ مار، اغواء، تاوان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ۔ سال کے پہلے مہینے کے شروعات کے دس دنوں میں اڑھائی ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوچکیں،شہریوں کو کروڑوں روپے مالیتی نقدی، زیورات، موبائل فونز، مویشیوں، گاڑیوں اور دیگر سامان سے محروم کیا جا چکا ، اس دوران 10 سے زائد افراد کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زخمی بھی کیاگیا۔تھانہ ریل بازار کے علاقے گمٹی چوک کے قریب نوید نامی کپڑے کے تاجر کو ڈاکوؤں نے دو روز قبل 25 لاکھ روپے سے محروم کر دیا۔ تھانہ جھمرہ کے علاقے میں محمد محسن کو مسلح ملزموں نے جھانسہ دیکر گھر بلایا اور گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر اس سے پانچ کروڑ 90 لاکھ نقدی چھین لی۔ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے میں نجی ٹیکسٹائل ملز کے ملازموں کو ڈاکوؤں نے قابو کر کے 36 لاکھ روپے لوٹ لئے ،بڑھتی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کے جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے پولیس اقدامات بے سود دکھائی دیتے ہیں جبکہ شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو کر گھروں سے باہر نکلنے سے گریزاں ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر ڈی ائی جی کامران عادل کے مطابق جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ہمہ وقت مصروف ہے ۔