3 سے 9 فروری انسداد پولیو مہم ،بچوں کو قطرے پلائے جائینگے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ضلع میں 3 سے 9 فروری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو کی آئندہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ 401 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔
مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کا ایسا جامع مائیکرو پلان ترتیب دیا جائے جس میں غلطی کی گنجائش نہ ہو اور پانچ سال تک کی عمر کا ایک بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے مہم کے لئے سٹاف کی ڈیوٹی،ٹریننگ ومتعلقہ امور قبل ازوقت مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لئے پولیو ورکرز ذمہ دار اور متحرک ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کی خامیوں کا ازالہ ہونا چاہیے اور کسی وجہ سے گھروں سے غیرحاضر بچوں کا ڈیٹا مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ ایریا انچارجزاپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہوں اور کسی قسم کی فرضی انٹریزپر سخت ایکشن ہو گا۔