پانچویں انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اور ایکسپو 23 فروری سے ہو گی
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پانچویں انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اور ایکسپو 23 فروری سے 25 فروری 2025 کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد (جی سی یو ایف) میں منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اور ایکسپو کے بانی محمد مرتضیٰ نور، دیگر سینئر یونیورسٹی افسران، فیکلٹی ممبران اور آئی ایس سی کی آرگنائزنگ ٹیم نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے اس قسم کی سرگرمیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے نوجوانوں کی مثبت تصویر کو فروغ دینے میں اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کو فروغ دے گا بلکہ تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تنوع کو منانے کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔ تین روزہ کنونشن میں طلبا،محققین، اساتذہ، ماہرین تعلیم، موجدین اور صنعتوں کو پاکستان اور دنیا بھر سے ایک ساتھ آنے ، تعاون کو فروغ دینے اور تبدیلی کی تحریک فراہم کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل سٹوڈنٹ کنونشن میں 120 سے زائد ملکی اور غیر ملکی جامعات اور جی سی یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کے طلباء بھی شرکت کریں گے ۔