بھوانہ: مذاکرات کامیاب ،انجمن پٹواریان کی قلم چھوڑ ہڑتال ختم
بھوانہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ سعدیہ جمال اور انجمن پٹواریان تحصیل بھوانہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ، جس کے نتیجے میں قلم چھوڑ ہڑتال ختم کر دی گئی۔
چند روز قبل اسسٹنٹ کمشنر نے مبینہ طور پر غلط ونڈہ بنانے پر پٹواری حافظ توقیر کو معطل کر دیا تھا۔ اس اقدام کے خلاف تمام پٹواریوں نے مشترکہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کی، جس دوران تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعد ازاں انجمن پٹواریان نے اسسٹنٹ کمشنر کے تبادلے تک قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ضلعی صدر انجمن پٹواریان نے ممبران کو ضلعی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو معاملے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جس پر مکمل فائل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، تحصیلدار لالیاں اور تحصیلدار بھوانہ نے چیک کی، اور ونڈہ جات درست پائے گئے ۔ اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب ثابت ہوئے اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔تمام پٹواریان تحصیل بھوانہ نے سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء برادری، صحافیوں اور انجمن تاجران کا شکریہ ادا کیا۔ ہڑتالی کیمپ دعائیہ کلمات کے ساتھ ختم کرتے ہوئے عوام کی ہر وقت خدمت جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔