بینکوں کی سکیورٹی کمپنیوں کی خستہ حال گاڑیاں ماحولیاتی خطرہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بینکوں سے رقم لانے اور لے جانے والی سکیورٹی کمپنیوں کی خستہ حال چھکڑا گاڑیاں شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گئی ہیں۔
ان کمپنیوں کی زیادہ تر گاڑیاں انتہائی پرانی اور ناقص حالت میں ہیں، جو چلتے وقت گاڑھا کالا دھواں خارج کرتی ہیں، جس سے فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔ان گاڑیوں کے گزرنے سے اردگرد دھوئیں کے بادل چھا جاتے ہیں، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے کی خراش جیسی شکایات لاحق ہو رہی ہیں۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق انجن کی خرابی کے باعث خارج ہونے والا کالا دھواں کاربن اور زہریلے کیمیکلز پر مشتمل ہوتا ہے ، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے حکام کی خاموشی اس سنگین صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہی ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے فوری کارروائی کریں اور سکیورٹی کمپنیاں پرانی گاڑیوں کی جگہ جدید بکتر بند گاڑیاں استعمال کریں تاکہ آلودگی اور کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔