جڑانوالہ میں آوارہ کتوں کی یلغار، شہری خوف میں مبتلا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ میں آوارہ کتوں کی یلغار نے شہریوں کا سکون چھین لیا، بینظیر پارک، جناح پارک، محمد بی بی کالونی، ڈیفنس ویو اور دیگر علاقوں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی۔
شہریوں کے مطابق آوارہ کتے جُھنڈ کی صورت میں گلی محلوں اور پارکوں میں گھومتے ہیں، جو راہگیروں، بچوں اور خواتین پر حملے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث بچے اسکول، خواتین بازار اور بزرگ حضرات مساجد تک جانے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔ عوامی پارکوں میں بھی آنے والے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔متعدد موٹر سائیکل سوار ان آوارہ کتوں کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، مگر انتظامیہ اور میونسپل اداروں کی طرف سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خلاف مہم شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ اور سکون میسر آ سکے ۔