جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے اقدامات کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک سید ندیم بدر سمیت متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمانہ اہداف، فیلڈ سرگرمیوں، ویکسی نیشن مہمات اور جانوروں کی بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں 280 لائیو سٹاک ہسپتال، ڈسپنسریز اور سہولت مراکز فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن صوبے کا دوسرا بڑا لائیو سٹاک مرکز ہے جہاں 50 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کو جانوروں کی بیماریوں سے پاک بنانے کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے ۔ انہوں نے جانوروں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور بیماریوں کی بروقت روک تھام کے لیے مؤثر اور سائنسی اقدامات کی ہدایت کی۔