ن سے ش نکالنے والے خود تقسیم کا شکار ہیں :خلیل طاہر سندھو
گنڈا پور کو فارغ کرنا ثبوت ہے بانی تحریکِ انصاف کے ٹولے میں اختلافات ہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ن سے ش نکالنے والے آج خود تقسیم اور ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو فارغ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بانی تحریکِ انصاف کے ٹولے میں اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور وہ کسی ایک صفحے پر نہیں۔سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس میں وزیراعظم، وزیراعلیٰ سمیت تمام ارکان اور کارکنان پارٹی قائد میاں نواز شریف کی قیادت پر متحد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 برسوں سے مسلم لیگ (ن) کو تقسیم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں مگر ہر بار مخالفین کو منہ کی کھانی پڑی۔ جو آج سازشیں کر رہے ہیں، وہ بھی جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کو ہر سطح پر بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔سینیٹر خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ اب کسی ضلع کو دوسرے ضلع سے صفائی کی مشینری نہیں مانگنا پڑے گی، ستھرا پنجاب توقع سے زیادہ بڑا پروگرام بن چکا ہے ۔