ٹو بہ :سٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے شہری مشکلات کا شکار
اندھیروں میں ڈوبی سڑکیں اور گلیاں عوام کے لیے وبالِ جان بن گئی ہیں
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اندھیروں میں ڈوبی سڑکیں اور گلیاں عوام کے لیے وبالِ جان بن گئی ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ بجلی کے پولز اور تاریں تو نصب ہیں مگر لائٹس نہ ہونے کے باعث شام کے بعد پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب جاتا ہے ۔ فجر، مغرب اور عشاء کے اوقات میں مساجد جانے والے افراد کو خاص طور پر سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلیوں میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے گرنے ، ٹھوکر لگنے اور حادثات کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ شام کے بعد خواتین اور بچوں کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریکی کے باعث چوری، راہزنی اور موٹر سائیکل چھیننے جیسے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے مگر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔شہریوں نے انکشاف کیا کہ بعض علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لیے بجٹ بھی منظور ہو چکا ہے مگر کام تاحال شروع نہیں کیا گیا۔