الائیڈ ہسپتال ٹونجی سکیورٹی کمپنی انتظامیہ کی منظور نظر، ملازمین تنخواہوں سے محروم

 الائیڈ ہسپتال ٹونجی سکیورٹی کمپنی انتظامیہ کی منظور نظر، ملازمین تنخواہوں سے محروم

کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر ہونے کے باوجود گارڈز کو صرف 30 ہزار روپے دئیے جا رہے ،کمپنی کئی سال سے بغیر شفاف ٹینڈرنگ کے صرف اچھی رپورٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ حاصل کر رہی ہے :ذرائع

فیصل آباد (بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ٹو میں سکیورٹی سروسز فراہم کرنے والی نجی کمپنی انتظامیہ کی منظورِ نظر بن گئی۔خستہ مالی حالت اور تنخواہوں کی تاخیر کے باوجود ‘‘سب اچھا ہے  کی پرفارمنس رپورٹ بنا کر کمپنی کو مسلسل کنٹریکٹ دینے کا سلسلہ جاری ۔کمپنی کئی سال سے بغیر شفاف ٹینڈرنگ کے صرف اچھی رپورٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ حاصل کر رہی ہے ۔ہسپتال انتظامیہ نے نئی کمپنی کو موقع دیا اور نہ موجودہ سروسز کے معیار پر سوال اٹھایا۔ملازمین کے مطابق کمپنی کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر معمول ہے۔ اس وقت بھی تقریباً 130 سکیورٹی گارڈ اگست اور ستمبر کی تنخواہوں سے محروم ہیں، جب کہ ماضی میں بھی تین سے چار ماہ بعد قسطوں میں ادائیگیاں کی جاتی رہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر ہونے کے باوجود گارڈز کو صرف 30 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جا رہے ہیں۔تنخواہوں میں تاخیر بدعنوانی کے دروازے کھولتی ہے اور بعض اہلکار مجبوری میں غیر شفاف ذرائع سے رقم بٹورنے لگتے ہیں۔ ہسپتال کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ ملی بھگت سے انتظامیہ معاملات آگے بڑھا رہی ہے ۔شہریوں اور مزدور تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی کے مالی معاملات کی غیرجانبدارانہ انکوائری اور آڈٹ کرایا جائے ۔ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال کے مطابق دو بار ٹینڈرنگ کی گئی کوئی دوسری کمپنی سامنے نہیں آئی۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کے چیک بروقت کلیئر نہ ہونے سے تنخواہ میں تاخیر ہو رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں