غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاؤن، دفاتر سیل
بھاری مشینری کے ذریعے عارضی سڑکیں اور دیگر غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچے مسمار
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر، سٹی رپورٹر ) ایف ڈی اے کاغیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ،چک نمبر 203 ر۔ب میں دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام ،بعض تعمیراتی ڈھانچے مسمار کر دیئے گئے جبکہ دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی سٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو کنال روڈ پر چک نمبر 203 ر۔ب کی اراضی پر بغیر منظوری کے النور/میجسٹک ولاز اور اضافی آبادی کے ناموں سے ہاؤسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے ان کی عارضی سڑکوں، سیوریج اور دیگر غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا ۔