گھر یلو گیس کنکشنز کی لاکھوں درخواستیں اور ڈیمانڈ نوٹس منسوخ

گھر یلو گیس کنکشنز کی لاکھوں درخواستیں اور ڈیمانڈ نوٹس منسوخ

نئے گھریلو کنکشن اب صرف آر ایل این جی پر دیئے جائیں گے ، محکمہ ڈاک کے ذریعے نوٹسز بھجوانے کا سلسلہ شروع ، پرانے ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن دیں یا رقم بمعہ منافع واپس کریں :متاثرین

فیصل آباد (بلال احمد سے )محکمہ سوئی گیس نے فیصل آباد میں کئی سال سے نئے گھریلو گیس کنکشن کے منتظر شہریوں کے خواب چکناچور کر دیئے ۔ محکمے کی جانب سے پرانی درخواستیں اور ڈیمانڈ نوٹس منسوخ کرنے کے نوٹسز محکمہ ڈاک کے ذریعے شہریوں کے گھروں میں بھجوائے جانے لگے ، جس کے بعد لاکھوں افراد کو سخت مایوسی کا سامنا ہے ۔ فیصل آباد میں تقریباً 3 لاکھ درخواستیں کئی برسوں سے التواء کا شکار تھیں اور اس دوران محکمہ کروڑوں روپے ڈیمانڈ نوٹسز کی مد میں وصول کرتا رہا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی نئی پالیسی کے تحت اب کسی بھی صارف کو سسٹم گیس پر نیا گھریلو کنکشن فراہم نہیں کیا جائے گا بلکہ صرف ری گیسفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی)پر کنکشن جاری ہوگا، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پرانی درخواستوں کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو یہ آپشن دیا ہے کہ وہ اپنی پرانی درخواست کو آر ایل این جی کنکشن میں تبدیل کر لیں، تاہم اس کیلئے نئے معاہدے ، حلف نامے اور کم از کم 15 ہزار 500 روپے اضافی سکیورٹی و سروس چارجز کی شرط لازمی ہوگی۔

محکمے کی جانب سے مذکورہ نوٹسز محکمہ ڈاک کے ذریعے درخواست گزاروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ماہرینِ توانائی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف صرف چولہا استعمال کرے تو سسٹم گیس پر ماہانہ بل اوسطاً 4 ہزار 800 روپے بنتا تھا جبکہ آر ایل این جی پر یہی خرچ 6 ہزار 300 روپے سے زائد ہوگا ، گیزر اور چولہا استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ 7 ہزار روپے سے زیادہ اضافی لاگت برداشت کرنا پڑے گی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سوئی گیس یا تو پرانے ڈیمانڈ نوٹسز پر سسٹم گیس کنکشن فوری طور پر فراہم کرے یا پھر ان کی رقم بمعہ نفع واپس کرے ۔ادھر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک میں قدرتی گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور سسٹم گیس پر مزید کنکشن فراہم کرنا ممکن نہیں رہا،حکومتی پالیسی کے تحت اب نئے کنکشن صرف آر ایل این جی پر دیئے جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں