ڈی جی ایف ڈی اے کی سروس ڈلیوری بہتر بنانے کی ہدایت
درخواستوں کو نمٹانے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے :محمد آصف چودھری نادھندگان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے :اجلاس سے خطاب
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی کارکردگی اجلاس میں سروس ڈلیوری بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا، اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں انہوں نے دورانِ سروس ڈلیوری کے معیار میں مزید بہتری کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر/انچارج ون ونڈو کاؤنٹر عبداللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، پی ایس او شبیر ساجد گجر سمیت دیگر افسران شریک تھے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کیلئے جدید اصلاحات کو مکمل طور پر نافذالعمل کیا جائے تاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد کماحقہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کاؤنٹر پر موصول درخواستوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق نمٹانے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔محمد آصف چودھری نے سرکاری واجبات کی وصولی پر خصوصی توجہ دینے اور مقررہ اہداف کے حصول کیلئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سو فیصد ریکوری ممکن بنائی جا سکے ۔