والدین پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں:ڈپٹی کمشنر جھنگ
ضلع بھر میں2343 ٹیمیں انسداد پولیو مہم میں حصہ لے رہی ہیں :علی اکبر بھنڈر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے انسدادپولیو مہم کے پہلے روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جھنگ صدرمیں حفاظتی قطرے پلانے والی پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے والدین پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں، انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنارکرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ،مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے ضلع بھر میں2343 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو گھر گھر،پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں، بھٹوں، ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پربچوں کو قطرے پلا رہی ہیں۔علی اکبر بھنڈر نے مزید کہا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ لاکھ 81 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقررہے جسے ہر صورت مکمل کیا جائیگا۔ مزید برآں ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی حاضری اورکارکردگی کو چیک کرنے کیلئے فیلڈ میں موجود رہے ، انہوں نے گھر گھر جاکر بچوں کی انگلیوں پر نشان کی تصدیق بھی کی۔