سرکاری ہسپتالوں میں ادوایات کی شدید قلت ،مریض پریشان
الائیڈ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں روزانہ ہزاروں مریض ادویات کی عدم دستیابی کے باعث علاج ادھورا چھوڑنے پر مجبور ، ادویات کے ٹینڈر کا عمل مکمل ہوچکا :ڈاکٹر فہیم یوسف
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی قلت خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ رواں مالی سال کے ٹینڈر تاخیر کا شکار ہونے سے اب تک مکمل فراہمی ممکن نہ بن سکی، جس کے باعث الائیڈ ہسپتال، ڈی ایچ کیو ہسپتال، ایف آئی سی، فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال سمیت بیشتر علاج گاہوں میں مریض ضروری ادویات کے بغیر علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ صورتحال اس قدر سنگین ہوچکی ہے کہ ملٹی وٹامن گولیاں، امراضِ قلب کی ادویات، انسولین، اینٹی بایوٹکس، اور یہاں تک کہ بخار و درد کم کرنے والی عام گولیاں بھی فارمیسیز سے ناپید ہوتی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے سالانہ ٹینڈر مکمل نہ ہونے کے باعث اسپتال انتظامیہ نے مجبورا کوٹیشن اور لوکل پرچیز کی بنیاد پر وقتی طور پر محدود مقدار میں خریداری کرکے کام چلانا شروع کردیا ہے ، تاہم یہ مقدار اسپتالوں کے مریضوں کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے ۔
الائیڈ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں روزانہ او پی ڈی میں آنے والے ہزاروں مریض ادویات کی عدم دستیابی کے باعث علاج ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہیں جبکہ ایمرجنسی وارڈز میں بھی دوا کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کے لیے مسلسل علاج کا تسلسل ضروری ہوتا ہے ، مگر ادویات کی قلت کے باعث ان کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ دوسری جانب غریب مریضوں کو بازار سے مہنگی ادویات خریدنا ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکا ہے ، جس سے ہسپتالوں میں علاج کی افادیت کم ہو رہی ہے ۔ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر فہیم یوسف کا کہنا ہے کہ ادویات کے ٹینڈر کا عمل مکمل ہوچکا اور آرڈر مختلف کمپنیوں کو دے دیئے گئے ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عمل اگرچہ شروع ہوچکا ہے مگر سٹاک بھرنے میں طویل وقت درکار ہوگا ۔ شہریوں اور مریضوں نے وزیر صحت پنجاب سے فوری نوٹس لے کر ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔