ڈپٹی کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
مریضوں اور لواحقین سے دستیاب سہولیات بارے دریافت کیا اور مسائل سنے
کمالیہ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس نے تحصیل ہیڈکوارٹر ز ہسپتال کمالیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر بھی ان کے ہمراہ تھیں، جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں عدیل عارف نے ڈپٹی کمشنر کو اسپتال کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، ڈائیلسز یونٹ، کارڈیئک یونٹ، بچوں اور خواتین کے وارڈز، آؤٹ ڈور، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو تمام بنیادی صحت کی سہولیات اور مفت ادویات بروقت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔