سموگ کی روک تھام،ٹریفک پولیس کا آگاہی سیمینار اور واک
چناب نگر (نامہ نگار )سموگ کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس چنیوٹ کی جانب سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سموگ کنٹرول کے سلسلے میں عملی اقدامات جاری ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداﷲ احمد کی ہدایت پر ٹریفک پولیس چنیوٹ کے زیراہتمام سیمینار میں ڈی ایس پی ٹریفک خرم شہزاد نے بس اسٹینڈ پر ڈرائیوروں کو آگاہی لیکچر دیا۔
ڈی ایس پی خرم شہزاد نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے تمام کمرشل و نان کمرشل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کی بروقت مرمت اور دھواں خارج نہ کرنے والے انجنوں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے اور سموگ کنٹرول کے لیے تمام شہریوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ماحول کو محفوظ اور صحت مند بنایا جا سکے ۔