ڈپٹی کمشنر عمر عباس دورہ رجانہ، صفائی اور تعلیمی اداروں کا معائنہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے قصبہ رجانہ کے دورہ کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیموں سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔انہوں نے کوڑا کرکٹ کے فوری اٹھاؤ، نالوں کی صفائی اور عوامی مقامات، گلیوں و بازاروں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول رجانہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کلاس رومز، سٹاف روم، سائنس و کمپیوٹر لیب اور کھیلوں کے میدان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز میں طلباء سے مکالمہ کرتے ہوئے ان سے تعلیم، حاضری اور اسکول کے ماحول کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ دلجمعی اور محنت سے تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔عمر عباس میلہ نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ تدریسی معیار اور نظم و ضبط میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ تعلیمی ادارے حقیقی معنوں میں علم و تربیت کے مراکز بن سکیں۔