موسمی بیماریاں ، نزلہ، کھانسی،بخار کے مریضوں میں اضافہ
کمالیہ (نمائندہ دنیا )موسمی تبدیلیوں کے باعث کمالیہ اور گردونواح میں نزلہ زکام، کھانسی اور بخار کے مریضوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے ۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت نجی ہسپتالوں میں بچوں اور بزرگ مریضوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے پہنچ رہی ہے ۔
علاقے میں موسم کے اچانک بدلنے ، ٹھنڈ اور گرمی کے امتزاج، فضائی آلودگی اور قوتِ مدافعت میں کمی کے باعث شہری بڑی تعداد میں متاثر ہو رہے ہیں۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور ایمرجنسی وارڈز میں روزانہ مریضوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عدیل عارف نے بتایا کہ زیادہ تر مریضوں میں گلا خراب ہونا، ناک بہنا، مسلسل کھانسی، جسم میں درد اور بخار جیسی ابتدائی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ فاسٹ فوڈ، کولڈ ڈرنکس اور دیگر ٹھنڈے مشروبات سے پرہیز کریں تاکہ موسمی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔