ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کے بعد بھی ورکرز کو مسائل
ٹھیکیداروں نے کم اجرت پر ڈیوٹی کے اوقات میں اضافہ کر کے 12 گھنٹے کر دیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصلآباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کے باوجود صفائی ورکرز کے مسائل کم نہ ہو سکے ۔ ٹھیکیداروں نے کم اجرت پر ڈیوٹی کے اوقات میں اضافہ کر کے دورانیہ 12 گھنٹے تک بڑھا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی طویل عرصے سے مالی مشکلات کا شکار تھی، جس کے بعد پنجاب حکومت نے دیگر کمپنیوں کی طرح اس کی بھی نجکاری کر دی۔ ورکرز کو امید تھی کہ اب مالی حالات بہتر ہوں گے ، تنخواہیں وقت پر اور پوری ملیں گی، مگر نجکاری کے باوجود ان کی مشکلات میں کمی نہ آ سکی۔ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار زائد منافع کے لالچ میں افرادی قوت بڑھانے کے بجائے محدود عملے سے اضافی کام لینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ تحصیل جڑانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں صفائی ورکرز علی الصبح کام کا آغاز کرتے ہیں اور سورج ڈھلنے تک مصروف رہتے ہیں، مگر انہیں اجرت صرف 8 گھنٹے کی دی جاتی ہے ۔ورکرز کے مطابق وہ نوکری جانے کے خوف سے خاموش ہیں۔ افرادی قوت کی کمی کے باعث نہ صرف ملازمین کا استحصال ہو رہا ہے بلکہ صفائی کے کام کا معیار بھی متاثر ہو رہا ہے ۔