خسرے کی وبا شدید ہو گئی،17 نومبر سے ویکسین مہم
رواں سال1200 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ،گزشتہ ویکسی نیشن مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی، کئی مقامات پر ہدف حاصل نہ ہو سکا
فیصل آباد (بلال احمد سے )شہر میں خسرے کی وباء ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہے جس کے باعث چلڈرن ہسپتال، الائیڈ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو سمیت مختلف علاج گاہوں میں متاثرہ بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق رواں سال اب تک 1200 سے زائد خسرے کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے گنجان آباد علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ویکسی نیشن مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی، جس کی وجہ سے کئی یونین کونسلوں میں ویکسین کوریج مطلوبہ ہدف تک نہیں پہنچ سکی۔اسکولوں اور کچی آبادیوں میں حفاظتی اقدامات کے فقدان نے بھی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کیا ہے ۔صورتحال سنگین ہونے پر محکمہ صحت نے ہنگامی بنیادوں پر دو ہفتوں کی ویکسین مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جو 17 نومبر سے شروع ہوگی۔ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو گھر گھر جا کر خسرے کی حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عظمت عباس کے مطابق مہم کے لیے فیلڈ اسٹاف، موبائل ٹیمیں اور سپروائزری افسروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔طبی ماہرین نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسی نیشن عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور بخار یا دانوں کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر علاج گاہ سے رجوع کریں تاکہ خسرے کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔