مزدوروں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح: منشاء اللہ بٹ
صوبائی وزیر کیلاش ٹیکسٹائل اورڈے کیئر سینٹر کا دورہ ،مزدوروں میں گھل مل گئے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر لیبر و ہیومن ریسورسز منشاء اللہ بٹ نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت موجودہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے ۔ اس ضمن میں مزدوروں کے لیے راشن کارڈ کی فراہمی ایک انقلاب آفریں پروگرام ہے ، جس سے ورکرز کو معاشی طور پر سہولت ملی ہے اور اس پروگرام کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جا رہا ہے ۔ کیلاش ٹیکسٹائل کے دورہ کے بعد مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتِ پنجاب سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور انہیں ملازمت کے مقام پر سازگار ماحول کے ساتھ سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔انہوں نے کیلاش ٹیکسٹائل میں قائم جدید طرز کے ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مزدوروں کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے ۔ صوبائی وزیر نے ڈے کیئر سینٹر میں دستیاب تفریحی سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کیلاش گروپ نے مزدوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔