دنیا کی خبر پر ایکشن، تاریخی گھنٹہ گھر کا گھڑیال دوبارہ چلنے لگا
کمشنر کی گھنٹہ گھر کی صفائی اور حفاظت کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) روزنامہ ’’دنیا‘‘ کی خبر پر کمشنر فیصل آباد نے فوری ایکشن لیتے ہوئے عرصہ دراز سے بند پڑے تاریخی گھنٹہ گھر کے گھڑیال کی مرمت کروا دی۔ گھنٹہ گھر کی صفائی اور حفاظت کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ دنیا نے دو روز قبل گھنٹہ گھر کے گھڑیال کے خاموش اور سوئیاں ساکت ہونے کی خبر شائع کی تھی۔
جس پر ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مرتضیٰ ملک کو مرمت کی ہدایت کی۔ چیف آفیسر نے ایک ہی روز میں گھنٹہ گھر کے تاریخی گھڑیال کو مرمت کروا کر دوبارہ فعال کر دیا۔انتظامیہ کے مطابق اب ہر گھنٹے بعد گھڑیال کی آواز آٹھوں بازاروں میں سنائی دے گی، جبکہ تاریخی مقام کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے مستقل اقدامات بھی یقینی بنائے جا رہے ہیں۔